نئی دہلی:29/نومبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) جہازرانی کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے بحری معیشت کو ہندوستانی معاشی ترقی کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاہے کہ ان کی حکومت ’ساگر مالا‘ اسکیموں کے تحت سمندر پر مبنی معاشی صلاحیت میں اضافہ کے لیے ضروری اقدامات کررہی ہے۔مسٹر گڈکری نے کینیا کے نیروبی میں بحری معیشت پر منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ ہندوستان کی معاشی ترقی پروگرام کے تحت بحری معیشت پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے تیار کیا جارہا ہے۔ ہندوستان کا 95فیصد سے زیادہ کاروبار سمندر کے ذریعہ کیے جارہے ہیں۔مرکزی وزیر نے کہا کہ ہندوستان بحر ہند ساحلی تعاون تنظیم (آئی او آر اے) کی گائید لائنز کے تحت بحری معیشت کو سستی، باہمی اور عوامی بنیاد پر ترقی دینیکے حق میں ہے۔ آئی اوآر اے ایک ایسی تنظیم ہے جوعلاقائی تعاون اور بین البراعظمی تجارت میں تیزی لانے کے مقصد سے بحر ہند سے ملحق ایشیا، افریقہ اورآسٹریلیا براعظموں کوایک اسٹیج پر لانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔